پارٹی قیادت سے ناراض امین فہیم نے سروری جماعت کا اجلاس کل طلب کرلیا

پیر 22 دسمبر 2014 16:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) پیپلزپارٹی کے ناراض صدر مخدوم امین فہیم نے سروری جماعت کا اجلاس کل منگل کو ہالا میں طلب کرلیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سروری جماعت کے سربراہ مخدوم امین فہیم نے جماعت کے تمام خلیفاوٴں کا اجلاس 12 بجے طلب کرلیا ذرائع کا کہنا ہے کہ امین فہیم نے حال ہی میں سابق صدر پرویز مشرف سے ایک تقریب میں ملاقات کی تھی اور وہ پارٹی قیادت سے بھی شدید ناراض ہیں جس کے بعد انہوں نے سروری جماعت کا اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں مستقبل سے متعلق اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے مخدوم امین فہیم کو منانے کیلئے ہفتے کو ان سے ملاقات کی تھی اور بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس تاثر کی تردید کی تھی کہ امین فہیم پارٹی قیادت سے ناراض ہیں تاہم انہوں نے اس بات کا کوئی جواب نہیں دیا کہ میڈیا سے بات کرنے کے لئے مخدوم امین فہیم کیوں نہیں آئے۔

متعلقہ عنوان :