احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں بریت کی درخواستیں مسترد کردیں

پیر 22 دسمبر 2014 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں بریت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنس میں بریت سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ ان ریفرنسز میں بعض ایسے شواہد موجود ہیں، جن کی بناء پر بریت کا فیصلہ جاری نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

عدالت نے استغاثہ کے مزید گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 جنوری تک معطل کردی۔سابق صدر زرداری کے خلاف کرپشن کے یہ ریفرنس 1998 میں قائم کئے گئے تھے اور ان کے عہدہ صدارت سے ہٹنے کے بعد ان ریفرنسز کی سماعت دوبارہ شروع کر دی گئی تھی۔مارچ 2008 میں راولپنڈی کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت تین افراد کو قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے تحت ایس جی ایس، کوٹیکنا کیس سے بری کردیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے حکم کے بعد یہ مقدمہ دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔