دہشتگردوں سے مقابلے کیلئے سندھ پولیس کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل

پیر 22 دسمبر 2014 16:13

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سندھ پولیس کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے۔ سانحات اور دہشت گردی کے اندوہناک واقعات نے ان سے نمٹنے کے لیے انتہائی مستعدپولیس فورس کی ضرورت کو بھی پہلے سے زیادہ بڑھا دیا ہے جو دہشت گردوں پر جھپٹیں اور انہیں شکار کی طرح دبوچ لیں اور اس تصور کوحقیقت کا روپ دیا ہے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے ۔

بارعب قد کاٹھ، سیاہ وردی ، ہاتھوں میں جدید اسلحہ ، آنکھوں پر امپورٹڈ سن گلاسز اور عزائم بہت بلند۔ جدید تربیت، آلات، بہترین وسائل کے بعد اس فورس کو سندھ پولیس کا روشن چہرہ قرار دیا جاسکتا ہے۔چست و توانا کمانڈوز میں مرد ہی نہیں خواتین بھی ہیں،جن کی محنت اور تربیت کا اندازہ ان کی مشق سے لگایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صنف نازک کے ہاتھوں میں چوڑیاں دیکھنے کے عادی افراد کے لیے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ اور کمانڈو ایکشن دیکھنا نا صرف حیرت انگیز بلکہ معاشرے میں خواتین کو برابری کے حقوق دینا عملی مثال بھی ہے۔

حکام بتاتے ہیں کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں بھرتی کا عمل شفاف بنانے کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سسٹم کا سہارا لیا گیا، کامیاب امیدواروں کا جسمانی تحریری اورنفسیاتی ٹیسٹ لیا گیا، پھر فوج کے مستند ٹرینرزکی زیر نگرانی انہیں تربیت کے انتہائی کڑے عمل سے گزارا گیا۔ ان تمام مراحل کے بعد ان کی تنخواہ40ہزار مقرر کی گئی ہے۔ اس فورس کی چابک دستی اور نظم و ضبط کی بدولت ہی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دفاعی نمائش آئیڈیاز میں ناصرف ایس ایس یو کے اسٹال کادورہ کیا بلکہ تعریف بھی کی۔

دہشت گردی کے موجودہ حالات کو سامنے رکھ کر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کی تربیت کو اطمینان بخش قرار دیا جاسکتا ہے تاہم حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ سندھ پولیس کی تمام نفری کو اسی نوعیت کی تربیت مہیا کی جائے۔

متعلقہ عنوان :