سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،تحریک انصار المسلمین

پیر 22 دسمبر 2014 14:50

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) تحریک انصار المسلمین کے سربراہ اور پیر آف ماتلی پیر کرم اللہ الٰہی المعروف دلبر سائین نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہر انسان کو اس واقعے نے غمزدہ کردیا ہے ،حکومت دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو تیز کرکے دہشتگردوں کو ختم کرے اور اس پاک ملک کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سمیت ان کے ساتھیوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو پھانسی دینے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،اسلام کی تعلیمات میں بھی دہشتگرد کو پھانسی کا حکم دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق  کے دور میں پھانسی کی سزا کا آغاز کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ قاتل کی سزا پھانسی ہے اور قاتل کو سرعام پھانسی دی جائے تاکہ وہ سب کے لیے عبرت کا مقام بن جائے، انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہے اور جب قوم متحد ہوجاتی ہے تو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے شہید ہونے والے بچوں کے ورثہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے صبر کے لیے دعاگو ہیں ، انہوں نے پوری قوم کو پیغام دیا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ میں اپنی فوج اور حکومت کا ساتھ دیں تاکہ اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کا صفایا کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :