لاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے منتظر ملکی و غیر ملکی تمام قیدیوں کی تفصیلات طلب کرلیں

پیر 22 دسمبر 2014 13:37

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے منتظر ملکی و غیر ملکی تمام قیدیوں کی تفصیلات وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے طلب کرلیں۔پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود خالد باجوہ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ ساڑھے چھ سالوں میں سزائے موت پر عمل نہ ہونے سے سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی اصل تعداد اور انکی جنس کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں ۔

سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردوں کو سزائے موت دینی شروع کر دی گئی ہے لیکن سنگین جرائم میں ملوث ملکی اور غیر ملکی مجرموں کو سزائے موت نہیں دی جا رہی حالانکہ ان میں سے متعدد قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ تمام مجرموں کی تفصیلات طلب کر کے عمل درآمد کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے ملکی و غیر ملکی قیدیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 12جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :