لاہور ہائیکورٹ نے احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹائر جلاکر ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت گیارہ مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

پیر 22 دسمبر 2014 12:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار عبدالحفیظ ناصر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں ٹائر جلانے کا رواج عام ہے جو کہ ماحولیاتی آلودگی اور مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹائر جلانے کے اقدام پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران جلائے جانے والے ٹائروں کی اصل تعداد کیا ہے اور جلائے گئے ٹائروں سے ماحول پر کس قسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔عدالت نے درخواست گزار کو مزید وضاحت کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت گیارہ مارچ تک ملتوی کر دی۔