وزیر اعظم کی قانونی ماہرین کو دہشتگردی کے زیر التوا اور حکم امتناعی کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت

پیر 22 دسمبر 2014 11:59

وزیر اعظم کی قانونی ماہرین کو دہشتگردی کے زیر التوا اور حکم امتناعی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قانونی ماہرین کو دہشتگردی کے زیر التوا اور حکم امتناعی کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مقدمات کی متحرک انداز میں پیروی کی جائے ‘ہمارے فوجیوں ‘ شہریوں اور بچوں کی جانیں لینے والوں پر رحم نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

پیر کو ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردوں کو سزائیں دلوانے اور حکم امتناعی کے خلاف فوری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں ‘اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کو ہدایات بھی جاری کردیں ‘وزیراعظم نے لیگل ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کیلئے وزارت قانون کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چوہدری اشرف کو لیگل ریفارمز کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کردیا ‘ کمیٹی مروجہ قوانین میں ترمین اور نئے قوانین کی تیاری میں معاونت کرے گی۔

ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان سے ہرقیمت پر مکمل طور پر دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور جس نے ہمارے فوجیوں، شہریوں اور بچوں کی جان لی ان پر رحم نہیں کیا جاسکتا، انہیں اپنے کئے کی سزا ضرور دی جائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی متحرک انداز میں پیروی کی جائے-