انتہا پسندی کے خلاف سب کو مل کر جہاد کرنا ہوگا، کور کمانڈر کوئٹہ

پیر 22 دسمبر 2014 11:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کی سینتیسویں پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی ، پریڈ کے مہمان خصوصی کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ تھے ، ان کا کہنا ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے ، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ کورنگی کراچی میں سادہ اور پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو 425 پاس آؤٹ ہونے والے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔

لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔ کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کیا ۔ اس موقع پر کوسٹ گارڈ کا بینڈ فضا میں مسحور کن دھنیں بکھیرتا رہا ۔ پاس آؤٹ ہونے والے کوسٹ گارڈ کے جوانوں نے جسمانی تربیت کے علاوہ مسلح دہشت گردوں سے نمٹنے ، آگ لگے دائرے سے کامیاب چھلانگ لگانے ، جوڈو کراٹے کے ذریعے ٹائلوں کو توڑنے کا کامیاب عملی مظاہرہ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں میں اعزازات بھی تقسیم کئے گئے ۔ مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا دہشت گردی اور انتہا پسندی ملک کی جڑوں کوکھلا کر رہی ہے ، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا ۔ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کوسٹ گارڈ کی کوششوں سے منشیات ، انسانی سمگلنگ میں کمی ہوئی۔