سویلین کا کورٹ مارشل ، ہائیکورٹ نے پھانسی پر عمل درآمد روکدیا

پیر 22 دسمبر 2014 11:26

سویلین کا کورٹ مارشل ، ہائیکورٹ نے پھانسی پر عمل درآمد روکدیا

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سزائے موت کے چار سویلین قیدیوں کی سزاپر آئندہ سماعت تک عمل درآمد کرنے سے روکدیاہے اور جی ایچ کیو کی متعلقہ برانچ کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے ، مجرموں کی آج کوٹ لکھپت جیل لاہور میں پھانسی متوقع تھی ۔ جسٹس ارشد محمود تبسم نے احسن عظیم ،ا ٓصف ادریس، ندیم ، کامران اسلم اور عامر یوسف کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وکیل لائق خان سواتی نے موقف اپنایاکہ فوجی عدالت نے سویلین کو سزا دی اور آرمی چیف ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کرچکے ہیں لیکن کن جرائم میں سزائے موت سنائی گئی ؟اس بارے کچھ معلوم ہے اور نہ ہی دستاویزات تک رسائی کی اجازت دی گئی ۔ درخواست گزار کاکہناتھاکہ اُن کے موکل کو وکیل کا حق بھی نہیں دیاگیا،فوجی عدالت کس قانون کے تحت سویلین شہریوں کا کورٹ مارشل کرسکتی ہے ؟ اپیل کا وقت بھی ابھی باقی ہے لہٰذا عدالت پھانسی پر عمل درآمد روکتے ہوئے دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دے ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے جی ایچ کیو کی متعلقہ برانچ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مجرموں کو حاصل تمام حقوق پورے کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :