انسداد دہشتگردی گروپ آج اپنی سفارشات مکمل کریگا، سپیڈی ٹرائل کی تجویز تیار

پیر 22 دسمبر 2014 10:57

انسداد دہشتگردی گروپ آج اپنی سفارشات مکمل کریگا، سپیڈی ٹرائل کی تجویز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء)دہشت گردی کے سد باب کے لیے بنایا گیا ورکنگ گروپ آج اپنی سفارشات مکمل کر کے ایکشن پلان کمیٹی کے سامنے پیش کر دے گا۔ اتوار کو اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی کے ورکنگ گروپ کا 14 گھنٹے طویل اجلاس ہو جس میں گروپ نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے عوام کے کردار اور دہشتگردوں کے سپیڈی ٹرائل کی تجویز تیار کرلیں ۔

ورکنگ گروپ میں تحفظ پاکستان بل سمیت انسداد دہشتگردی کے حوالے سے 16 قوانین کا جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ورکنگ گروپ میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے عوام کا کردار بھی تجویز کیا گیا ہے ۔ دہشتگردی کے مقدمات کے حوالے سے گواہوں کا تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا ۔ دہشتگردوں کے اسپیڈی ٹرائل کے حوالے سے دہشتگردی کی مزید عدالتیں قائم کرنے کی تجویز بھی تیار کی گئی ۔

(جاری ہے)

ورکنگ گروپ نے مخصوص حالات اور مخصوص علاقوں کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام پربھی بات چیت کی ۔ قانون کرایہ داری میں ترمیم کے ساتھ اس قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے اقدامات بھی تجویز کئے گئے ۔ ورکنگ گروپ میں نیکٹا کو فعال بنانے سمیت ورکنگ گروپ طرز پر ماہرین کی مستقل کمیٹی تشکیل دینے پر بھی گفتگو ہوئی ۔ ورکنگ گروپ اپنی تجاویز پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے گا ، پارلیمانی کمیٹی جائزہ لینے کے بعد ان تجاویز کی منظوری دے گی۔