لاہور، مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن ،درجنوں افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کا عمل شروع ،شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،سی سی پی او لاہور

اتوار 21 دسمبر 2014 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2014ء) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں موجودہ حالات کے پیش نظر پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کا عمل شروع کردیا، سرچ آپریشن کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آن لائن سے گفتگو کے دوران کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ حالات میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر شہر میں موجود ہوٹلوں، ہوسٹلز ، سراؤں اور ایسے مقامات جہاں پر لوگوں کو شب بسری کی سہولت موجود ہو چیک کیا جارہا ہے، شہر میں موجود تمام پراپرٹی ڈیلروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی اجنبی شخص کو کرایہ پر مکان کوارٹر یا جگہ دینے سے قبل اس کی اچھی طرح چھان بین ضروری ہے، اس عمل میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کو ناجائز تنگ کرنے سے گریز کریں کسی کے ساتھ زیادتی کرنے پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ صرف ان افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جاتی ہے جو مشکوک دکھائی دینے کے علاوہ اپنے آنے اور ٹھہرنے کی اصل وجوہات بتانے سے قاصر ہوں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام الناس کو بھی اپنے گردونواح اجنبی اور غیر قانونی افراد کی نقل وحرکت کی کڑی نگرانی کرنی چاہیے دہشت گردی کے ناسور کو عوام کے تعاون سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :