بھارت،ریاست منی پور میں بم دھماکہ، تین افرا د ہلاک،چار زخمی

اتوار 21 دسمبر 2014 19:09

بھارت،ریاست منی پور میں بم دھماکہ، تین افرا د ہلاک،چار زخمی

گوہاٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2014ء) بھارت کے شورش زدہ شمال مشرق میں اتوار کو علی الصبح ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے،یہ بات پولیس نے بتائی ہے،یہ ایک ہفتے سے کم عرصے میں اس علاقے میں دوسرا حملہ ہے۔دھماکے کی وجہ سے منی پور کا ریاستی دارالحکومت مغربی امپھال لرز اٹھا۔منی پور کی سرحد میانمر سے ملتی ہے،یہ علاقہ کئی دہائیوں سے علیحدگی پسندانہ تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

سینئر ریاستی پولیس افسر اے سنگھ نے ا مپھال سے ٹیلیفون پر فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ اس دھماکے میں تین محنت کش ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے۔سنگھ نے بتایا کہ انتہائی جدید طرز کا آتشگیر مواد(آئی ای ڈی) ایک بس ڈیو کے قریب نصب کیا گیا جو اتوار کو علی الصبح دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔

(جاری ہے)

کسی باغی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور فوری طور پر اس کے محرک کا بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں امپھال میں اس قسم کا دوسرا حملہ تھا۔15دسمبر کو اس قسم کے ایک دھماکہ میں ایک شحض ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔دورافتادہ ریاست کافی عرصے سے باغیوں کے تشدد کی کارروائیوں کی لپیٹ میں ہے اور یہ کئی قبائلی گروپوں اور نئی دہلی کے اقتدار کے خلاف برسرپیکار چھوٹے گوریلا گروپوں کا گڑھ ہے۔وہ اکثر ریاست میں برتری کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ آرائی میں ملوث ہوتے ہیں۔

حکام کے مطابق1947ء میں برطانیہ سے حصول آزادی کے بعد سے بھارت کی سات شمال مشرقی ریاستوں میں سے سات میں باغیانہ تشدد میں کم از کم پچاس ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی سیاسی رہنماؤں نے شمال مشرق کو بڑے پیمانے پر نظرانداز کر رکھا ہے،فوج نے ان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنی زیادہ تر توجہ ملک کا مقابلتاً دولتمند آٹھ شمالی ریاستوں کی ترقی پر مرکوز کر رکھی ہے۔