رواں مالی سال جولائی تا نومبر؛پاکستان میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کار میں 46فیصد اضافہ ،حجم 60کروڑ 51 لاکھ ڈالررہا؛مرکزی بنک

اتوار 21 دسمبر 2014 17:44

کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ تارین ۔ 21 دسمبر 2014)پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 46فیصد زائد رہی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں 60کروڑ 51 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 41کروڑ 42 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 82.4 فیصد اضافے سے 63 کروڑ ڈالر جبکہ غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 136فیصد کمی سے منفی 2 کروڑ50 لاکھ ڈالر رہی، 63کروڑ ڈالر کی غیرملکی نجی سرمایہ کاری میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 19.2 فیصد کے اضافے سے 42کروڑ 28لاکھ ڈالر رہی جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری 2284فیصد کے اضافے سے 20کروڑ 72لاکھ ڈالر رہی، 5 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری انفلوز 61.5 فیصد کے اضافے سے 1ارب 37 کروڑ 12لاکھ ڈالر جبکہ آوٴٹ فلوز(انخلا) کی مالیت 92 فیصد کے اضافے سے 94 کروڑ 84لاکھ ڈالر رہی۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2014 میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 5 کروڑ 64لاکھ ڈالر رہی جس میں 5 کروڑ 15لاکھ ڈالر کی غیرملکی نجی سرمایہ کاری اور 49 لاکھ ڈالر کی غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ شامل ہے، نومبر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 2کروڑ 6لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی مالیت 3کروڑ 9لاکھ ڈالر رہی۔گزشتہ سال نومبر میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری منفی 2 کروڑ 47لاکھ ڈالر رہی تھی، 5ماہ کے دوران امریکا 26 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا جس میں امریکا نے 11کروڑ 62لاکھ ڈالر کی براہ راست جبکہ 14کروڑ 44لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی، چین 12کروڑ 15لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، چین نے 12کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی۔

لگسمبرگکی سرمایہ کاری 11کروڑ 44لاکھ ڈالر رہی جس میں سے پورٹ فولیو سرمایہ کاری 12کروڑ ڈالر اور ایف ڈی ا?ئی منفی 64 لاکھ ڈالر رہی، متحدہ عرب امارات کی مجموعی سرمایہ کاری 7کروڑ 75لاکھ ڈالر، برطانیہ کی 5کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہی، اٹلی نے 4 کروڑ ڈالر، جاپان نے 2 کروڑ 47 لاکھ ڈالرجبکہ آسٹریا نے 2کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی، سب سے زیادہ 14 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی۔

کمیونیکیشن سیکٹر میں 11کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس میں ٹیلی کام سکٹر میں 14 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری منفی 3 کروڑ 19 لاکھ ڈالر رہی، کیمیکلز کے شعبے میں 4 کروڑ 67 لاکھ ڈالر، ٹوبیکو3 کروڑ 33 لاکھ، پاور2 کروڑ 76لاکھ ڈالر اور فنانشل سیکٹر میں 2کروڑ 57لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔