دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے قومی قیادت کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طرح کا جذبہ دکھانا ہوگا ‘ سردار حر بخاری

سانحہ پشاور کے بعد قوم نے اتحاد کا عملی ثبوت دیدیا ،اب حکومت کو سنجیدہ اور ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے‘ مرکزی رہنما پیپلز پارٹی

اتوار 21 دسمبر 2014 13:25

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 دسمبر 2014) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے قومی قیادت کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طرح کا جذبہ دکھانا ہوگا ،سانحہ پشاور کے بعد قوم نے اتحاد و یگانگت کا عملی ثبوت دیدیا ہے اب حکومت کو سنجیدہ اور ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

مرکزی دفتر میں آرمی پبلک سکول کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سردار حر بخاری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید دہشتگردوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کی بجائے وطن واپس آئیں اور انہوں نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ، اگر قومی قیادت دہشتگردی کے خلاف جنگ مین کامیابی چاہتی ہے تو اسے محترمہ بینظیر بھٹوشہید کی طرح کا جذبہ دکھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے ، ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا ہوگا کہ شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک افواج کی پشت پر ہے اب حکومت کو چاہیے کہ وہ کہیں کمزوری نہ دکھائے اور ان درندوں کا قلع قمع کرنے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس فیصلے کئے جائیں۔