ایڈمنسٹریٹر کراچی کا صدر اور ایم اے جناح روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس،

صدر اور ایم اے جناح روڈ پر شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے انسداد تجاوزات کی مہم میں مزید تیری لائی جائے،محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت

ہفتہ 20 دسمبر 2014 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے صدر اور ایم اے جناح روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ صدر اور ایم اے جناح روڈ پر شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے انسداد تجاوزات کی مہم میں مزید تیری لائی جائے تاکہ جلد از جلد ان علاقوں کو تجاوزات سے پاک کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ایمپریس مارکیٹ اور ایم اے جناح روڈ گنجان کاروباری علاقے ہیں جہاں تجاوزات مافیا نے نہ صرف سڑکیں گھیر رکھی ہیں بلکہ فٹ پاتھوں اور گلیوں کو بھی نہیں بخشا جس کی وجہ سے یہاں خریداری یا دیگر کاموں کے سلسلے میں آنے والے شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تجاوزات کے خلاف موجودہ کارروائی کے بعد ان علاقوں میں شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی اور یہ کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی جبکہ ان علاقوں کی مسلسل نگرانی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ ایک بار تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ اسی جگہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر ہفتہ کے روز صدر اور ایم اے جناح روڈ کے مختلف کاروباری مراکز پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر پتھاروں، دکانوں اور کیبنوں کا خاتمہ کردیا اور بڑی تعداد میں ٹھیلوں کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے ہٹانے کے علاوہ گنے کے جوس کی مشینیں اور دیگر تجاوزات کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ اس کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے پر دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ، تجاوزات کے خلاف صدر ایمپریس مارکیٹ، دبئی چوک، جامع کلاتھ مارکیٹ، اللہ والا مارکیٹ، پیپر مارکیٹ، برنس روڈ اور دیگر ملحقہ سڑکوں اور گلیوں میں کئے گئے اس آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹس مظہر خان نے کی جبکہ اس موقع پر پریڈی تھانے کے ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور صدر تھانے کے ایس ایچ او اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

آپریشن کے دوران مختلف قسم کی تجاوزات ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری استعمال کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف موجودہ مہم سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل میں چلائی جا رہی ہے جس کے لئے ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے خصوصی ہدایات دی ہیں کہ اس مہم کو ہر صورت میں جاری رکھا جائے اور شہر کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کیا جائے تاکہ شہریوں کو تجاوزات کی موجودگی کے باعث درپیش مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات کی مہم میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا عملہ ہیوی مشینری کی مدد سے حصہ لے رہا ہے جبکہ علاقہ پولیس کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے تاکہ اس کارروائی میں مزاحمت کرنے والے عناصر سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور ایم اے جناح روڈ کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف موجودہ مہم تین دن تک جاری رہے گی اور اس دوران ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :