دہشت گردوں کا انکی کمین گاہوں تک تعاقب کریں گے‘ چوہدری محمد برجیس طاہر ،

ملک کو اس وقت انتشار کی نہیں ،اتحاد کی ضرورت ہے‘ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان

ہفتہ 20 دسمبر 2014 20:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کہا ہے کہ پشاور میں سکول پر حملہ وہشت اور بربریت کی بد ترین مثال ہے، ہم دہشت گردوں کا انکی پناہ گاہوں تک تعاقب کریں گے اور معصوم بچوں کے خون کا حساب لیں گے،ملک کو اس وقت انتشار کی نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفدرآباد چرچ میں ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صفدرآباد کے چرچ میں شہدائے پشاور کیلئے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس سال صفدرآباد کی عیسائی برادری نے کرسمس کی تقریبات کو منسوخ کرنے اور اس کے بدلے سانحہ پشاور کے شہید بچوں اور انکے اساتذہ کیلئے دعائیہ تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم شہید ہونے والے معصوم بچوں کے چہروں کو نہیں بھولیں گے۔ جب تک ہم اس ملک کو امن و آتشی کا گہوارا نہیں بنا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صفدر آباد چرچ میں شہدائے پشاور کیلئے دعا کے علاوہ شمعیں روشن کی گئیں اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔