برطانوی وزیر خارجہ نے پشاورحملے کے متاثرین کیلئے رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے

ہفتہ 20 دسمبر 2014 14:34

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء)برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمند نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور پشاور میں دہشتگردوں کے حملے کے متاثرین کیلئے رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ پاکستانی ہائی کمیشن سید ابن عباس سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے پشاور میں سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عسکریت پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے برطانوی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اعتراف کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ہائی کمیشنر نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے پر برطانوی حکومت کا شکر یہ ادا کیا۔