سانحہ پشاور کے بعد قانون نافذکرنے والے اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف گھیراتنگ کردیا

ہفتہ 20 دسمبر 2014 14:31

سانحہ پشاور کے بعد قانون نافذکرنے والے اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے بعد قانون نافذکرنے والے اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف گھیراتنگ کردیا ہے ۔ہفتہ کی شب کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پانچ مبینہ دہشت گردوں سمیت 7ملزمان مارے گئے ۔دہشت گردوں کے قبضے سے جدیداسلحہ بھی برآمدہواہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور میں سی آئی ڈی پولیس نے دہشت گردوں کی اطلاع پرکارروائی کی۔ جس میں دو دہشتگرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے خان زمان گروپ سے تھا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

، ملزمان کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

اس ضمن میں ایس ایس پی سی آئی ڈی علی رضا نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تحریک طالبان کا انتہائی سنگین جرائم میں ملوث کمانڈرخان زمان اپنے ساتھیوں سمیت ماڑی پور روڈہاکس بے کے قریب موجودہے اور بڑی کارروائی کی پلاننگ کررہا ہے ،اس اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیاجہاں پولیس کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ۔

فائرنگ کے تبادلے میں دودہشت گردمارے گئے ۔دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اورپستول برآمدہواہے جبکہ کمانڈر خان زمان اپنے کچھ ساتھیوں سمیت تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس کا گھیراتوڑکرفرار ہوگیاجس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب گھگر پھاٹک کے قریب رینجرز سے مقابلے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گھگر پھاٹک کے قریب کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جس پر دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر دستی بم حملے اور فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے ، جن کے قبضے سے کلاشنکوف، ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد کے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے ۔

لیاری میں نیازی چوک کے قریب پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے۔ملزمان کی شناخت طاہراور سلمان شوٹر کے ناموں سے ہوئی ہے۔دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ گروپ سے ہے۔ دونوں ملزمان کی لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں ملوث تھے۔

متعلقہ عنوان :