الیکشن ٹربیونل نے این اے125کے تمام ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کروانے کےلیے درخواست باضابطہ سماعت کے لیے منظور کرلی ،ٹربیونل نے آئندہ ہفتے خواجہ سعد رفیق سے جواب طلب کرلیا ۔

ہفتہ 20 دسمبر 2014 13:42

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے جج نے سماعت شروع کی توٹربیونل کے روبرو نادرا کے اعلی آفیسر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125کے پانچ پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کے حوالے سے جمع کروائی گئی رپورٹ کو درست قراردیدیا ۔جس پر نادرا کی ٹربیونل میں جمع کرائی گئی رپورٹ پر خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے اپنی بحث مکمل کرلی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت حامد خان کے وکیل نے ٹربیونل میں ایک اور متفرق درخواست جمع کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نادرا رپورٹ میں اس حلقہ میں دھاندلی ثابت ہوچکی ہے لہذا اب این اے 125کے تمام ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کا حکم دیاجائے ۔جس پر ٹربیونل نے حامد خان کی متفرق درخواست کو باضابطہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کونوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔