حکومت دیامر ڈیم کے متاثرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے،مشتاق ایڈووکیٹ

ہفتہ 20 دسمبر 2014 12:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے نائب امیر مشتاق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت دیامر ڈیم کے متاثرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے،متاثرین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کرے ان خیالات کاا ظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ متاثرین دیامر ڈیم سے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی خوش آئند ہے مسائل کے حل میں پیش رفت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں الیکشن کمشنر اور نگران وزیر اعلیٰ بے یقینی کی کیفیت کو فوراً دور کریں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور خطے سے متعلق پائے جانے والے غیر یقینی صورت حال کا خاتمہ کرے گی انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی جنگ لڑی اسے اپنا فرض سمجھتے ہوئے جاری رکھے گی،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر کرپشن،بے روزگاری ،میرٹ کی پامالی تعمیر و ترقی اور آئینی حقوق کے لیے قابل عمل اور انقلابی منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی۔