وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2015ء کو مرتب کرنے کیلئے ورکشاپس کا سلسلہ شروع کردیا

ہفتہ 20 دسمبر 2014 12:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2015ء کو مرتب کرنے کیلئے ورکشاپس کا سلسلہ شروع کردیا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور سے تجاویز حاصل کرلی گئیں، 22دسمبر کراچی، 26 دسمبر لاہور اور 30 دسمبر کو کوئٹہ میں ورکشاپس کا انعقاد ہوگا، 3 ماہ میں حج پالیسی کو حتمی شکل دینے کا قوی امکان ۔ وزارت مذہبی امور سے ”اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔

20 دسمبر 2014ء“ کو موصول ہونیوالی تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی نے حج پالیسی 2015ء کو مرتب کرنے کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ شروع کردیاہے اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ورکشاپ کا انعقاد حاجی کیمپ میں کیاگیا جس میں وزارت مذہبی امور کے عہدیداران، حج گروپ آرگنائزرز، سرکاری سکیم کے تحت گزشتہ سال حج کی سعادت حاصل کرنیوالے چیدہ چیدہ شخصیات ودیگر کو مدعو کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ان ورکشاپس میں حج 2014ء کا تنقیدی جائزہ لیا جاتاہے اور گزشتہ سال آنیوالی شکایات کا بغور جائزہ لے کر ان کے تدار ک کا طریقہ کار وضع کرنے کے ساتھ ساتھ عازمین کو مزید سہولیات کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر بحث آتاہے۔ اس سلسلے میں جب ”اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء“ وزارت مذہبی امور کے ایک سینئر عہدیدار سے جب استفسار کیا تو انہوں نے بتایاکہ امسال ہونیوالی ورکشاپس کا امتیاز یہ ہے کہ حج کرائے بھی زیر بحث آرہے ہیں جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت متعارف کرائے جانیوالے پیکجز بھی ان ورکشاپس میں موضوع بحث ہیں۔

ادھر تفصیلات میں بتایاگیاہے کہ حج پالیسی 2015ء کے سلسلے میں 22دسمبر کو کراچی، 26دسمبر کو لاہور اور 30دسمبر کو کوئٹہ میں ورکشاپس کا انعقاد کیاجائیگا ۔ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں ان ورکشاپس کے بعد وہاں سے موصول ہونیوالی تجاویز اور شکایات کو یکجا کیا جائیگا اور ان کی روشنی میں حج پالیسی 2015ء کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ حج پالیسی 2015ء کو امسال مارچ تک حتمی شکل دینے کا قوی امکان ہے

متعلقہ عنوان :