غداری کیس،شوکت عزیز کی خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 12:05

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کی خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر ہفتے کو واپس کردی ۔ انہوں نے یہ درخواست وسیم سجاد ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی تھی سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ مشرف کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم شوکت عزیز ، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر ، سابق وزیر قانون زاہد حامد کیخلاف بھی کارروائی کی جائے جس پر زاہد حامد اور عبدالحمید ڈوگر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جبکہ شوکت عزیز نے سپریم کورٹ میں خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی تھی ۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے شوکت عزیز کی درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی عدالت کے عبوری فیصلے کوسپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا اس لئے آپ سپریم کورٹ میں درخواست دائر نہیں کرسکتے دوسرا یہ اعتراض لگایا گیا ہے کہ درخواست کے ساتھ ضروری دستاویزات بھی نہیں لگائی گئیں اور تیسرا یہ اعتراض یہ لگایا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف براہ راست درخواست دائر نہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)

شوکت عزیز کے وکیل وسیم سجاد کا کہنا تھا کہ رجسٹرار کے اعتراضات جلد دور کرکے درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی