کراچی، ملک کے طلبا میں کتب بینی کا رجحان بہت کم ہوتا جارہا ہے،پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال

جمعہ 19 دسمبر 2014 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) ہمارے ملک کے طلبا میں کتب بینی کا رجحان بہت کم ہوتا جارہا ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ جیسی جدید سہولتوں کے باوجود کتب خانوں اور ان سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ایسی صورتحال میں ایکسپو سینٹر میں کتابوں کی اتنی عظیم الشان نمائش کا انعقاد نہایت خوش آئند بات ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال نے جامعہ کے شعبہ تصنیف و تالیف کے تحت ایکسپو میں لگائے گئے اسٹال کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر شعبہ تصنیف و تالیف کے ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد جمیل ،پروٹوکول ڈائریکٹر محمد بشیر بگھیو، ڈاکٹر عزیز الرحمن ،ظفر محی الدین ، اظہار صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبا ل نے اس موقع پر مزید کہا کہ اس طرح کے کتب میلوں کا اہتمام کرنے سے طلباء و طالبات میں کتابوں کے مطالعے کا شوق پیدا ہوگا۔

اس کتب میلے میں رکھی گئی ہزاروں کتابیں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی رہنمائی میں معاون ثابت ہوں گی اور انہیں اپنے تحقیقی کاموں میں بھی ان سے مدد حاصل ہوگی۔انہوں نے شعبہ تصنیف و تالیف کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ کے تحت مستقبل میں بھی اس قسم کی نمائشوں میں شرکت کریں گے۔ ایکسپوکتب میلے میں جامعہ اردو کی جانب سے لگائے گئے اسٹال پر شعبہ تصنیف و تالیف سے شائع شدہ مختلف موضوعا ت سے متعلق کتابیں رکھی گئی ہیں۔ طلبا و طالبا ت کی بڑی تعداد نے اسٹال کا دورہ کیا، اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور کتابوں کی خریداری کی۔

متعلقہ عنوان :