پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے کراچی ایکسپوسینٹر میں دسویں سالانہ 5روزہ عالمی کتب میلے کاآغاز ہوگیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 17:43

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے کراچی ایکسپوسینٹر میں دسویں سالانہ 5روزہ عالمی کتب میلے کاآغاز ہوگیا ہے۔پہلے دن متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کتب میلے کادورہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ تعلیم کے حوالے سے اس طرح کی نمائش کاسلسلہ نہ صرف کراچی بلکہ ملکی اوربین الاقوامی سطح پر بھی ہوناچاہیے تاکہ ہم پاکستان میں تعلیم کے فروغ کاایک مثبت پہلودنیا بھرکے سامنے پیش کرسکے۔

کتب میلے میں مجموعی طورپر 330 اسٹالز لگائے گئے ہیں۔اس بین الاقوامی کتب میلے میں ایران، انڈیا، سنگاپور، ملائیشیا، برطانیہ، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے پبلشرز سمیت دیگرممالک کے شہرت یافتہ بک سیلرزنے کتابوں کی نمائش میں بھرپور حصہ لیاہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیزخالد نے کہا کہ اس5روزہ کتب میلے میں لاکھوں افرادکی شرکت متوقع ہے۔

اس میلے میں ہر موضوع پر رعایتی قیمتو ں پر کتابیں دستیاب ہوں گی۔ اس میلے میں تعلیمی پروگرام، ٹاک شوزاور سیمیناربھی ہوں گے اور کئی پبلشرزاپنی نئی کتابوں کی رونمائی بھی کریں گے۔انھوں نے کہاکہ تقریب کے پہلے روزکتب میلے میں گہماگہمی دیکھنے میں آئی۔ جامعات، کالجوں اور اسکولوں کے طلباوطالبات اورعوام کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ خصوصا نوجوانوں اوربچوں نے اس کتب نمائش کو بہت پسندکیا اور خواہش ظاہرکی کہ اس طرح کی نمائش کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ گوہر پبلشرزکی جانب سے ڈرائنگ مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بچوں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :