وزیراعظم نوازشریف کی اپیل پر سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ”یوم دعا “منایاگیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 14:58

لاہور/اسلام آباد/کراچی /پشاور/کوئٹہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء ) وزیراعظم محمدنواز شریف کی اپیل پر سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ”یوم دعا “منایاگیا ۔اس دن کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جن میں شہداء کیلئے دعائے مغفرت سمیت پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ، وطن عزیز کی سلامتی ، ملکی استحکام اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے دعائیں مانگی گئیں ۔

(جاری ہے)

ملک بھر کی چھوٹی بڑی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں بھی علماء مشائخ نے اس سانحہ کی شدید مذمت کی جبکہ نماز جمعہ کے بعد شہداء کی مغفرت کیلئے اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔علاوہ ازیں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر نماز جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ پولیس اہلکار اور مساجد انتظامیہ کی اپنی سکیورٹی مساجد کے باہر حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہی جبکہ نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا۔ حسا س مساجد کے قریب سے گزرنے والی شاہراہوں کو بیرئیر لگا کر بند رکھا گیا جبکہ انکے اطراف میں پارکنگ ممنوعہ قرار دی گئی تھی ۔ پولیس افسران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پٹرولنگ کرتے رہے۔