ڈیرہ اسماعیل خان ‘ ڈاکٹرز اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 4 بچے موت کی آغوش میں چلے گئے

جمعہ 19 دسمبر 2014 14:53

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹرز اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 4 بچے موت کی آغوش میں چلے گئے۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے زنانہ وارڈ میں طبی عملہ نہ ہونے کے باعث 4 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد لواحقین نے ہسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور ہسپتال کے باہر احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ رات میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے یہ بچے جاں بحق ہوئے ہیں ہم نے انتظامیہ سے ایم ایس بلانے کا کہا تو ان کا کہنا تھا کہ رات میں سردی زیادہ ہے اسلئے ایم ایس نہیں آسکتے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے 3 ماہ کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب ایم ایس کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سے بارہا ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کا کہا ہے ‘ کوئی شنوائی نہیں ہوتی، واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 5 بچے جاں بحق ہو گئے تھے اور اس وقت بھی ایم ایس نے ایک کمیٹی بنائی تھی تاہم کسی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔