تمام دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی ‘وزیر اعظم نواز شریف

جمعہ 19 دسمبر 2014 14:41

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ایک بار پھر واضح کہا ہے کہ تمام دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی ‘ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ جی ایچ کیو پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلی عسکری حکام شریک ہوئے، اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف بھرپور قوت سے کارروائی کرنے پر غور کیا گیا نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ تمام دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور دہشتگردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم نوازشریف نے سزائے موت پر عائد پابندی اٹھانے کی منظوری دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سزائے موت کے منتظر6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیئے ہیں جنہیں ایک دو روز میں منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :