ٹی سی ایس مظفرآباد برانچ نے رشوت ستانی اورغفلت سے آزادکشمیر کے ہونہار طلباء کا مستقبل تاریک کر دیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 13:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء)ٹی سی ایس مظفرآباد برانچ نے رشوت ستانی اورغفلت سے آزادکشمیر کے ہونہار طلباء کا مستقبل تاریک کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ کراچی میں آزادکشمیر کے طلباء کے لیے مختص نشتوں پر داخلے کے لیے بھیجے گئے فارم TCS نے بااثر شخصیات سے رشوت لے کر غریب اور ہونہار طلباء کے فارم مقررہ تاریخ پر نہ پہنچائے اور پورا ماہ داخلہ فارم اپنے پاس دبائے رکھے۔

اس طرح آزادکشمیر کے لائق اور ہونہار طلباء کے فارم داؤد یونیورسٹی نہ پہنچنے کی وجہ سے انٹری ٹیسٹ میں شامل نہ سکے متاثرہ طلباء اپیل کرتے ہیں کہ آئی ۔جی پولیس ،چیف سیکرٹری ، وزیراعظم آزادکشمیر اور صدر ریاست اس غفلت اور سازش کا نوٹس لیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں اور اس سازش میں ملوث TCS کے عملے کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی جرا ت نہ ہو طلباء نے مزید کہا کہ TCS کے عملے نے بااثر شخصیات سے رشوت لے کر ان کے فارم روکے رکھے تا کہ وہ انٹری ٹیسٹ میں شامل نہ ہو سکیں اور ان سے کم نمبروں والے بااثر شخصیا ت کے بیٹوں کا یونیورسٹی میں ایڈمیشن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

طلباء نے داؤد یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے اپیل کی ہے کہ TCS جیسے بددیانت ادارے سے ڈاک کی ترسیل و وصولی کا معاہد ہ ختم کریں اور آزادکشمیر کے متاثرہ طلباء کے داخلوں کے لیے نظر ثانی کریں اور آزادکشمیر کے طلبا ء کے دوبارہ انٹری ٹیسٹ لے کر ان کا داخلہ کریں ۔