پشاور سکول حملے میں طالبان کے ساتھ داعش بھی شامل ہے ، بچوں کو اس طرح مارنے کا انداز داعش کا ہے‘ رحمان ملک

جمعہ 19 دسمبر 2014 13:17

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) سابق وزیر داخلہ و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پشاور سکول پر حملے میں طالبان کے ساتھ داعش بھی شامل ہے ، بچوں کو اس طرح مارنے کا انداز داعش کا ہے، افغانستان کو واضح پیغام دے دینا چاہیے کہ ہمارے مطلوب افراد ہمارے حوالے کیے جائیں، طالبان اور ان کی مدد کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں اور دہشتگردوں کے سرپرستوں کیخلاف حقیقی کاروائی ہونی چاہیے ،ظالمان داعش کے ساتھ مل چکے ہیں انہیں روکنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانا ہوگی، مذاکرات میں وقت ضائع نہ کیا جاتا تو اب تک بہتر نتائج حاصل کر چکے ہوتے ۔

لندن سے وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بہادری سے کام لیا ،سب سے پہلے میں نے طالبان کو ظالمان کا نام دیا،پیپلزپارٹی کے دور میں طالبان کے خلاف مالاکنڈ، سوات آپریشن شروع کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں لیکن دہشتگردی سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ ہم نے دھرنے والوں کو بھی کہا تھاکہ وہ دھرنے چھوڑیں اور حکومت کے ساتھ مل کر اس سے نمٹا جائے ورنہ بڑا نقصان ہوگا اوربڑا نقصان ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض علماء کرام ٹی وی پر بیٹھ کر ان لوگوں سے اپنی وابستگی ظاہرکرتے ہیں ۔ جو لوگ ان لوگوں کے لئے اپنے دل میں کچھ نہ کچھ جگہ رکھتے ہیں انہیں بھی اب سوچنا ہوگا ۔ طالبان اور انکی مدد کرنے والے بھی پاکستان کے دشمن ہیں اور دہشتگردوں کے سرپرستوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔رحمان ملک نے تسلیم کیا کہ ان کے دور حکومت میں بہت کم دہشتگردوں کو پھانسی کی سزائیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پنجابی طالبان کا نام لیا تواس وقت انہیں تنقید کا نشانہ بنایا مگر بتایا جائے کہ لشکر جھنگوی کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سکول پر حملے میں طالبان کے ساتھ داعش بھی شامل ہے ، بچوں کو اس طرح مارنے کا انداز داعش کا ہے۔ظالمان داعش سے مل چکے ہیں دونوں کے خلاف موثر کارروائی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو واضح پیغام دے دینا چاہیے کہ ہمارے مطلوب افراد ہمارے حوالے کیے جائیں، میں توقع کرتا ہوں کہ آرمی چیف نے جو افغانستان کا ہنگامی دورہ کیا ہے اس میں انہوں نے ایک فوجی کی زبان میں افغان حکام کو یہ بات سمجھا دی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ ظالمان اور داعش کو روکنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانا ہوگی، مذاکرات میں وقت ضائع نہ کیا جاتا تو اب تک بہتر نتائج حاصل کر چکے ہوتے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ سیاسی محاذ پر ہمیں اپنے اختلافات ختم کر کے متحد ہونا ہوگا ۔حکومت جو بھی پالیسی بنائے گی پیپلز پارٹی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :