سانحہ پشاور کیخلاف کھوئی رٹہ میں سکولوں وکالجوں کے اساتدہ وبچوں کی ریلی

جمعہ 19 دسمبر 2014 12:55

کھوئی رٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) پشاور میں دہشتگردی کے خلاف اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کھوئی رٹہ بوائز ہائی سکول ، علی گارڈن پبلک سکول اور بی اے کوینز کالج کے اساتذہ اور بچوں نے بہت بڑی ریلی نکالی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین ، تحصیلدار کھوئی رٹہ سردار مشتاق ، آزاد پریس کلب کے سینئر نائب صدر سردار ساجد آزاد، بوائز ہائی سکول کے صدر معلم راجہ فرید راجوروی ، چوہدری اقبال طاہر، علی گارڈن پبلک سکول کے عثمان جرال ، محمد رضوان ، بی اے کوینز کالج کے راجہ ثاقب کر رہے تھے شرکاء ریلی دہشتگردی ہائے ہائے، دہشتگردوں کو پھانسی دواور آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ریلی پورے بازار کا چکر لگا کر جلسہ عام کی صور ت اختیار کر گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پشاور میں ظلم کی رقم کر نے والے انسان نہیں درندے ہیں معصوم بچوں کی شہادت پر ہر فرد افسردہ ہے اور المناک سانحہ پر جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے دہشتگردوں کی طرف سے ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے شر پسند عناصر ہمارا حوصلہ پست نہیں کر سکتے معصوم بچوں کا قتل کبھی رائیگاں نہیں جائے گا بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے نہ تو مسلمان ہیں او ر نہ ہی ان کا تعلق اسلام سے ہے مقررین نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ملک پاکستان کی بقاء اور سا لمیت کی خاطر خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں پوری پاکستانی قیادت کو متحد و منظم ہو کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ کر اپنی نسلوں کو محفوظ بنانا ہو گا آخر میں شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :