دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان پارلیمانی کمیٹی کا پہلااجلاس آج ہوگا

جمعہ 19 دسمبر 2014 12:12

دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان پارلیمانی کمیٹی کا پہلااجلاس آج ہوگا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر 2014ء)دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان بنانے کی خاطر پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہورہاہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی صدارت میں بننے والی کمیٹی میں لگ بھگ تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمایندگی شامل ہے۔ سانحہ پشاور کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ ایک ہفتے میں ایکشن پلان بنالیا جائے۔

اس ایکشن پلان کو بنانے کے لیے وزیر داخلہ چودھری نثار کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمایندگی ہوگی ۔اس پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آبادمیں ہوگا کمیٹی کے لیے اب جن پارٹیوں نے اپنے نمایندوں کےنام بھیج دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں تحریک انصاف سے شیریں مزاری ،اے این پی سے افرا سیاب خٹک، پیپلز پارٹی سے رحمان ملک اور قمر زمان کائرہ، متحدہ قومی موومنٹ سے ڈاکٹر فاروق ستار اوربابر غوری، جے یو آئی ف سے اکرم خان درانی جماعت اسلامی سے صاحبزادہ طارق اللہ ،قومی وطن پارٹی سے انیسہ زیب طاہر خالی، مسلم ليگ ضيا کے اعجاز الحق شامل ہيں۔

فاٹا کی نمایندگی غازی گلاب جمال کے ساتھ ایک اور رکن پارلیمنٹ کو بھی مل سکتی ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید مسلم لیگ ق سے مشاہد حسین بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے محمود خان اچکزئی کانام تجویز کیا جاسکتاہے۔ کمیٹی میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کے حکام بھی شامل ہوں گے ۔کمیٹی دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان تیار کرکے ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کوبھجوائے گی ۔