گورنرسندھ کی سربراہی میں عید النبی ﷺ کے جلسے اور جلوسوں کے انتظامات کیلئے تمام مکاتب فکر اور نمائندوں کا اجلاس ،

علماء کرام اتحا د بین المسلمین کیلئے بھرپور کردار کررہے ہیں ،حکومت نے مدبرانہ سوچ ،حکمت عملی سے کئی معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا ہے،ڈاکٹر عشرت العباد

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان کی سربراہی میں عید النبی ﷺ کے جلسے اور جلوسوں کے انتظامات کیلئے تمام مکاتب فکر اور نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اجلا س میں آرمی پبلک اسکول پشاور میں معصوم بچوں سمیت اساتذہ کے ساتھ دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے سفاکانہ ظلم کی شدید مذمت کی گئی اور دہشت گردوں کے خلاف فوج کے آپریشن ” ضرب عضب “ اور دیگر کارروائیوں کی مکمل حمایت کی گئی ، پشاور میں ہونے والی بچوں کے ساتھ بہیمانہ دہشت گردی کی انسانیت کی تاریخ میں کوئی اور مثال ملنا مشکل ہے ، اجلاس حکومت اور جنرل راحیل شریف کے اس عزم کو سراہتا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا ، اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس پشاور میں کئے گئے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے کہ جن دہشت گردوں کو عدالتوں نے پھانسی کی سزا دیدی ہے اس پر فی الفور عملدرآمد شروع کیا جائے گا ، قاتلوں کی سزا کو معطل کرنے کا شریعت نے کسی کو کوئی اختیار نہیں دیا ہے اسی معطل سزاؤں پر بغیر کسی تاخیر کے عمل کیا جائے ، اجلاس شمع رسالت ﷺ کے پر وانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ میلاد ﷺ کے پروگرامز کا انعقاد کرے حکومت ، انتظامیہ اور پولیس ایسے مذہبی پروگرامز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام میڈیا کے چینلز اور اخبارات سے اپیل کی گئی کہ وہ کوریج اور ٹاک شوز کے دوران بھرپور ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہر کریں ۔اس سے قبل گورنر سندھ نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اتحا د بین المسلمین کے لئے اپنا بھرپور کردار کررہے ہیں جس کے باعث حکومت نے اپنی مدبرانہ سوچ اور حکمت عملی سے کئی معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پشاور کے سانحے نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لئے معصوم بچوں کو شہید کررہے ہیں الحمد اللہ ہماری افواج میں مکمل صلاحیت موجود ہے پشاور واقعہ کے بعد آج پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے کسی نے بھی کوئی غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی تو عوام خود ان کا محاسبہ کرے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ ضرب عضب کے بعد کراچی میں سنگین خطرات تھے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جان دے کر عوام کو بڑے سانحات سے محفوظ رکھا ۔

گورنر سندھ نے علماکرام سے درخواست کی کہ ربیع الاول ﷺکے حوالے سے جلسے جلوسوں کی مقامی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لی جائے تا کہ ان کی حفاظت کے لئے مناسب اقدامات کئے جاسکیں ۔ علما کرام نے اجلاس میں بتا یا کہ اشتعال انگیز ی پر نظر رکھی جائے علما کرام نے عزم ظاہر کیا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک افواج کے ساتھ ہیں ۔

بعد ازاں گورنر ہاؤس میں سانئحہ پشاور میں جاں بحق طلباء و دیگر افراد کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی جس کے بعد گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ سانحہ پشاور کے پیارے پیارے معصوم بچوں کی قربانیوں سے قوم اب دشمن کو دشمن اور دہشت گردوں کو دہشت گرد کہے گی جن مذہبی دہشت گردوں کو سزا ء موت دی جا چکی ہیں اس پر عمل درآمد ہوگا ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے آج پاکستانی قوم رنجیدہ اور افسردہ ہے لیکن ان ماؤں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے شہید ہوئے ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں کے لئے قرآن کریم میں واضح سزا مقرر ہے جن پر تمام علماء کرام نے بھی متفق ہوتے ہوئے دہشت گردوں کو سزا دینے کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ پاک افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جو کہ سرحدوں پر دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرون ملک بھی ملک دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہیں انہوں نے کہا کہ جب قوم متحد اور ایک ہوجائے تو اس قوم کو کوئی دہشت گرد یا ملک دشمن نقصان نہیں پہنچا سکتا ہے ۔

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ آج 18 کروڑ سے زائد عوام دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے اور جو دہشت گردی کی گھناؤنی کاروائیوں اور سازشوں میں ملوث ہیں انکی سزائے موت میں بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :