سانحہ پشاور کے بعد قوم نے اتحاد ویکجہتی کا عملی ثبوت پیش کر دیا ،اب حکومت سنجیدہ اور پختہ فیصلے کرے ‘ جمشید اقبال چیمہ،

عمران خان نے اپنی مثبت سیاست سے ثابت کر دیا وہ سنجیدہ اور قومی لیڈر ہیں ،ملک کو آگے لیجانے کیلئے امن نا گزیر ہے‘ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پوری قوم نے اتحاد ویکجہتی کا عملی ثبوت پیش کر دیا ہے اب حکومت کو سنجیدہ اور پختہ فیصلے کرنا ہونگے ،سانحہ پشاور کے بعد عمران خان نے اپنی مثبت سیاست سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سنجیدہ اور قومی لیڈر ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل عام کرنے والے انسان نہیں بلکہ درندے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سانحہ کے بعد پوری قوم متحد ہے ،حکومت اس سانحہ کے پیچھے کارفرما غیر ملکی ہاتھوں کو بے نقاب کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی ،اب حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سنجیدہ اور پختہ فیصلے کرے ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تحر یک انصاف اپنی سیاست کو ایک طرف رکھ کر ملک اور قوم کے مفاد کو تر جیح دے رہی ہے ۔ عمران خان نے سانحہ کے بعد اپنی مثبت سیاست سے ثابت کیا ہے کہ وہ سنجیدہ اور قومی لیڈر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو آگے لیجانے کے لئے امن نا گزیر ہے اور پی ٹی آئی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :