شہید بچوں کے خون کا بدلہ ہم پر قرض ہے، ناصرخان درانی،

پولیس مستقبل کے معماروں کے خون بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، آئی جی خیبرپختونخوا

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) ا نسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے ورسک روڈ پر واقع آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے گزشتہ روز رونما ہونے والے اندوہناک واقعے کی مختلف جگہوں کا معائنہ کیا اور تفتیشی افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور محمد اعجاز خان، ڈی آئی جی ڈی سی ٹی محمد عالم شنواری ، ایس ایس پی فورنزک سائنس لیبارٹری محمد قریش خان ، ایس ایس پی آپریشن پشاورنجیب الرحمان بگوی ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور مسعود خلیل اور دیگر اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے۔

آئی جی پی سکول کے آڈیٹوریم ہال میں بھی گئے اور وہاں پر سکول کے معصوم اور بے گناہ بچوں پر ڈھائی جانے والے مظالم اور بربریت کا مختلف پہلوں سے جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

آئی جی پی جائے وقوعہ پر تفتیشی ٹیموں سے بھی ملے اور اُن کو باریک بینی سے سب شواہد اور ثبوت اکٹھا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ معصوم اوربے گناہ بچوں کو بے دردی سے قتل کرنا انسانیت سے گری ہوئی فعل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہید بچوں کے خون کا بدلہ ہم پر قرض ہے اور پولیس اس وقت تک چھین سے نہیں بیٹھے گی جب تک قوم کے مستقبل کے معماروں کے خون کا بدلہ نہ لیا جائے۔