اصغرعباس کی شہادت تحریک کا بہت بڑا نقصان ہے، الطاف حسین،

(ن) لیگ حکومت اصغر عباس کے قتل کی ذمہ دار ہے ، قائد ایم کیو ایم

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:27

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم چینوٹ ڈسٹرکٹ کے سینئر نائب صدر سید اصغرعباس کی شہادت تحریک کا بہت بڑا نقصان ہے اور ان کی شہادت سے تحریک ایک سینئر ، مخلص اور ثابت قدم ساتھی سے محروم ہوگئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے شہید رہنماء سید اصغرعباس کے بڑے بھائی احمدعباس جعفری سے ٹیلی فون پر دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین نے شہید کے بڑے بھائی سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ اصغرعباس کی شہادت پر مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان سوگوارلواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سفاک دہشت گردوں نے برسوں سے تحریک میں کام کرنے والے میرے پیارے بہادر اورثابت قدم ساتھی کو شہید کردیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی حکومت ، اصغر عباس کے قتل کی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک کیلئے سید اصغرعباس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ان کا نام راہ حق کے شہیدوں میں شامل ہوچکا ہے اور اصغرعباس شہید کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

الطاف حسین نے شہید کے بھائی اور دیگر اہل خانہ سے کہاکہ آپ صبر کریں انشاء اللہ اصغرعباس شہید کے سفاک قاتل اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے ۔ اصغرعباس شہید کے بڑے بھائی احمدعباس نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ اور تحریک کے دیگر ذمہ داران نے دکھ کی اس گھڑی میں جس طرح ہمارا ساتھ دیا ہے اورہمارا دکھ بانٹا ہے اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے ۔اصغرعباس کی شہادت کے باوجود حق کی جدوجہد جاری رہے گی اور انشاء اللہ ہم حق پرستی کے اس مشن کو جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے الطاف حسین کی صحت وتندرستی اور درازی عمر کیلئے دعا بھی کی۔