Live Updates

سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں تحریک انصاف کی خواتین ممبران نے لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کیں،

خواتین کارکنان نے سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ، احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی صدر وومن ونگ وایم این اے منزہ حسن کی قیادت میں خواتین کارکنان نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے لبرٹی چوک میں مظاہرہ کیا اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں، تحریک انصاف کی خواتین کارکنان نے سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ، منزہ حسن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف سانحہ پشاور کے شہداء کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتی ہے اور دعاء کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے خاندانوں کو صبر دے ، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اکٹھی ہو گئی ہے ، تحریک انصاف نے تمام اختلافات کو ایک طرف رکھ دیا ہے اور دہشت گردی کے اہم ایشو پر پوری قوم کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پوری قوم ملکر ہی دہشت گردی کا مقابلہ کر سکتی ہے ، اس وقت تمام جمہوری قوتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تحریک انصاف امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، تحریک انصاف سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ، سفاک دہشت گردوں کا یہ حملہ مستقبل کے معماروں پر حملے کے متراد ف ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ،اس موقع پر ملیحہ حسین ،ایم پی اے شنیلہ روت، عاشماں شجاع ، فریحہ ، شگفتہ نیلوفر، ارم اکمل، عائشہ خالد، صادقہ صاحب داد ، انیلہ بیگ ، فرحت فاروق، وسیمہ بھٹی، نیلم ارشاد ،عامرہ شہزاد، عاصمہ نعیم، نیلم رشید، عامرہ شہباز، روبینہ اختر ، روبینہ شاہین، نسیم ادریس، رضیہ ، تہمینہ محسن ، ثمینہ احمد سمیت بڑی تعداد میں خواتین ممبران نے شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات