کراچی، سانحہ پشاور کے بعد طالبان سے ہمدردی رکھنے والی جماعتوں کو واضح کرنا ہوگا وہ طالبان کے حامی ہیں یا مخالف ؟،شاہد غوری،

دہشتگردوں نے ملک کے مستقبل ،ننھے بچوں کیساتھ دہشتگردی کی وہ بربریت کی جس نے ملک کی در و دیوار کو ہلا کر رکھ دیا ہے، مرکزی رہنماسنی تحریک

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد طالبان سے ہمدردی رکھنے والی جماعتوں کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ طالبان کے حامی ہیں یا مخالف ؟منافقانہ طرزعمل سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے، سانحہ پشاور نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا آج پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے ایسے میں دہشت گرد طالبان سے ہمدردی رکھنے والوں کو عوام کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرناہو گی ،بچوں اور عورتوں پر حملے کرنا بزدلی ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی حمایت کرتے ہیں ضرورت پڑی تو سنی تحریک کا ہر کارکن پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہو گا۔انہوں نے کہا دہشت گردوں کو پھانسی دینے کے حکومتی فیصلے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نشترپارک میں 21دسمبربروز اتوار کو جانثاران مصطفی کانفرنس ہوگی دہشتگردی کے خلاف بھرپورعوامی طاقت کا مظاہرہ کرینگے آج پوری پاکستانی قوم جس کرب اور افسوس کی گھڑیوں سے گزر رہی ہے اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی ،آج دہشتگردوں نے ملک کے مستقبل اور ننھے بچوں کے ساتھ دہشتگردی کی وہ بربریت کی ہے جس نے ملک کی در و دیوار کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی رہنما شاداب رضا نقشبندی ،اراکان مرکزی رابطہ کمیٹی ،فہیم الدین شیخ ،طیب قادری بھی موجود تھے ،شاہد غوری نے کہا کہ اس وقت پورا ملک اور عالم اسلام طالبان اور ان دہشتگردوں کے خلاف سراپہ احتجاج ہے، جس نے اسلام کے نام پر جو دہشتگردی پاکستان میں شروع کی ہے اور جس طرح دہشتگردوں نے اس ملک کو تباہی کے داہنے لاکھڑا کیا ہے اور اس پر ہمارے سیاستدانوں نے آج تک جس طرح کا مصلحت پسندی والا انداز ان دہشتگردوں کے لئے اپنایا ہوا تھا اب ان کی بھی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔

آج اس ملک کے 132 ننھے اور معصوم بچوں نے اس پاک سر زمین پر اپنے خون کا نذرانہ دے کر ان حکمرانوں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ان ٹھیکیداروں کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ اب ان دہشتگردں اور انتہاء پسندوں کے خلاف بھاری فوجی آپریشن ہی اس ملک کی بقاء اور سلامتی کا ضامن ہوسکتا ہے۔ آج تک اس ملک سے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ان نام نہاد اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ٹھیکیداروں نے جو فوجی آپریشن کے ہمیشہ مخالف رہے کبھی اس سرزمین کے لئے خون کا نذرانہ پیش نہیں کیا ہے،شاہد غوری نے کہا کہ آج اس ملک کے بچے بچے کا عزم بلند ہے اور جس طرح آرمی اسکول، پشاور کے ان معصوم زندہ بچ جانے والوں بچوں نے اپنے عزم کا کھل کا اظہار کیا ہے اس کے بعد اب ہمارے حکمرانوں کی بھی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔

ہم اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ملک کے غداروں اور دہشتگردوں کو سزائے موت دینے پر پابند ی کے خاتمے کا اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ،دہشتگردوں نے پھولوں کے شہر پشاور میں پھول جیسے بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ان کی سزا صرف موت ہے ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے ان سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ان طالبان دہشتگردوں کو سر عام پھانسی کی سزا پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے اور ان دہشتگردوں کو یہ پیغام دیا جائے کہ اب ہم کسی بھی بیرونی آقا کی مداخلت کو ملک میں قبول نہیں کریں گے۔

پاکستان سنی تحریک اس ملک کی واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے، جس کی دو اعلیٰ قیادتوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے اس ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ پاکستان سنی تحریک کے قائد وبانی محمد سلیم قادری شہید نے ملک میں مذہبی انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے جہاں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تو نشتر پارک میں عید میلاد النبیﷺ کے عظیم الشان موقع پر ہماری پوری اعلیٰ قیادتوں کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔

آج ہمارے دل خون کے آنسو اس لئے بھی رو رہے ہیں کہ اس سانحہ کے بعد بھی اگر ہمارے حکمرانوں اور ان نام نہاد مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ٹھیکیداروں نے مصلحت پسندی کی بجائے ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہوتا تو آج ہمیں جس کرب اور اذیت سے گزرنا پڑرہا ہے ایسا نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اپنے محبوب قائد و بانی محمد سلیم قادری شہید اور شہدائے میلاد النبی ﷺ کا سالانہ عظیم الشان عرس ہر سال کی طرح امسال انتہائی عقیدت و احترام سے منائے گی۔

اس سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ان شہداء کی یاد میں نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان ”جانثاران مصطفیﷺ کانفرنس“ کا انعقاد 21 دسمبر، بروز اتوار سہ پہر 3-00 بجے کررہی ہے۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں جہاں قائد و بانی شہید محمد سلیم قادری، سربراہ سنی تحریک شہید عباس قادری، شہید افتخار بھٹی، شہید اکرم قادری، شہید ڈاکٹر عبدالقدیر عباسی ،شہید محمد سلیم رضا،شہید عبدالوحید قادری،شہید عبدالکریم نقشبندی ،شہید صاحبزادہ فرید الحسنین کاطمی،شہید حاجی حنیف بلو،شہید حافظ تقی،شہید مختار احمد قادری ،شہید ذاکر حسین ،شہید پیر محمدپیرل سمیت 63 جید علماء و مشائخ عظام اور سانحہ پشاور کے ننھے بچوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا وہاں اس ملک کی بقاء و سلامتی کے لئے پاکستان سنی تحریک پاک افواج کی قربانیوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرے گی ۔

کانفرنس میں علماء کرام پیران عظام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے دعوت نامے تقسیم کردیئے گئے ہیں،اس کانفرنس سے خصوصی خطاب سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجاز قادری کریں گے اور وہ اپنے اس خصوصی خطاب میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی حالات اور ملک کو درپیش چیلنجز اور اس سے نبردآزما ہونے کے حوالے سے بھی عوام اہلسنت اور اس ملک کے غیور عوام کو آگاہ کریں گے۔

اس کانفرنس میں سربراہ پاکستان سنی تحریک تحریک کے حوالے سے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کے ساتھ ساتھ ملک کی بقاء اور سالمیت کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کریں گے۔ اس کانفرنس سے ملک کے جیئد علماء کرام، مشائخ عظام، مختلف مذہبی جماعتوں اور اہلسنت سے تعلق رکھے والی تنظیمات کے سربراہان و دیگر بھی خطاب کریں گے۔اس کانفرنس کی تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اس کانفرنس کے لئے اجازت نامہ بھی حاصل کرلیا گیا ہے اور اس کانفرنس کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے سربراہان کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

اس کانفرنس کی سیکورٹی کے لئے پاکستان سنی تحریک کے ایک ہزار سے زائد کارکنان بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ کانفرنس کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔سیکورٹی کے لئے فل پروف انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی آپ میڈیا کے دوستوں سے بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس انتہاہی اہم اورعظیم الشان کانفرنس کی کوریج کے ساتھ ساتھ سانحہ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی پروگرامز اور اخبارات میں خصوصی ایڈیشن کے اجراء کو یقینی بنائیں۔

ہم چینلز کے اینکرز پرسن اور نیوز ڈائیریکٹرز و کنٹرول نیوز سے بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 21 دسمبربروز اتوار کو نشتر پارک میں ہونے والی اس عظیم الشان ”جانثاران مصطفیﷺ کانفرنس“ کی بھرپور براہ راست کوریج کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :