پشاور،صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کاشہر کے مختلف علاقوں کادورہ،

حکومت شہداء کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،مشتاق غنی

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی ، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی، عارف یوسف، شوکت یوسفزئی اور دیگر نے جمعرات کے روز پشاور کے علاقہ گلبرگ، سکندر پورہ، گلبہار، نشتر آباد، لنڈی ارباب، امام بارگاہ صدر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور پشاور پبلک سکول کے سانحے میں شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔ شہدا کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے اس دلخراش واقعے نے نہ صرف پوری قوم بلکہ بین ا لا قوامی برادری کو بھی رنجیدہ کر دیا ہے۔ یہ سفاکانہ واقعہ نہ صرف ملک دشمنی ہے بلکہ انسانیت دشمنی بھی ہے۔

(جاری ہے)

قوم تسلی رکھے ان دہشتگردوں کی جڑیں کاٹی جائیں گی جس کے لئے سیاسی عسکری قیادت اور پوری قوم متحد ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شہداء پیکج کے تحت شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ جبکہ زخمی ہونے والوں کو دو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ متاثرہ خاندانوں کے غم کا مداوا کسی صورت ممکن نہیں لیکن یہ امداد صوبائی حکومت کی طرف سے ان سے اظہار ہمدردی اور ان کی اشک شوئی کے لئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفاک دہشتگردوں کی طرف سے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا ایک قبیح اور بزدلانہ فعل ہے ایسے لوگ انسانیت کے دشمن ہیں اور اس دلخراش واقعے نے نہ صرف قوم بلکہ پوری بین الاقوامی برادری کا ضمیر بھی جھنجھوڑا ہے۔ پاکستانی کی صوبائی و قومی قیادت اس اقدام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس پر خاموش رہنے کو جرم سمجھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :