افواج پاکستان اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے،سردارمہتاب،

معصوم بچوں کی خون سے ہولی کھیلنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی، گورنر بلوچستان کاخواجہ سعدرفیق کے ہمراہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ،سانحہ کے مقام پر اپنی اور وزیراعظم کی جانب سے پھولوں کی چادرچڑھائی

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرنے کیلئے معصوم بچوں نے اپنے خون سے جو چراغ روشن کئے ہیں انہیں کسی قیمت پربھجنے نہیں دیاجائیگا اورایک ایک دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی جس میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ گورنرنے کہاکہ افواج پاکستان اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے اور معصوم بچوں کی خون سے ہولی کھیلنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے جمعرات کے روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کے ہمراہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیااورالمناک سانحہ کے مقام پر اپنی اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پھولوں کی چادرچڑھائی اور سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریگیڈئر مدثرنے دہشت گردوں کے حملے اور ریسکیوآپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر گورنرنے کہاکہ معصوم بچوں کی جانیں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان وحشی درندوں اور دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیاجائیگا۔ انہوں نے سکول میں دہشت گردوں کے حملے کے فوراً بعد بچوں کو ریسکیو کرنے کیلئے سیکورٹی اداروں ، افواج پاکستان اور ریسکیوٹیموں کی جرائت مندانہ کارکردگی کو سراہا۔

بعدازاں گورنر، وفاقی وزیر ریلوے کے ہمراہ پشاور کے مختلف علاقوں میں شہیدبچوں کی رہائش گاہوں پر گئے اورشہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہداء کے درجات کے بلندی کیلئے دعابھی کی۔ گورنرنے شہید بچوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کاخون رائیگاں نہیں جائیگا اور پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرشریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم طلباء پردہشت گرد حملہ نہایت افسوسناک ہے اور اس حملے نے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو یکجاکردیا ہے ۔

گورنر خیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے وفاقی وزیرریلوے سعد رفیق کے ہمراہ المناک سانحہ پشاور کے زخمیوں کی عیادت اوراحوال پرسی کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارافسوس کیا۔ اس موقع پر کمشنر پشاور اورمحکمہ صحت کے اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گورنرنے زخمی طالب علموں کے وارڈز میں جا کر زخمی بچوں سے ملاقات کی اورمحکمہ صحت کے حکام کو ان کی بہترین نگہداشت کی ہدایت کی ۔