وزیر اعلی کی ہدایت پر143 نئے پرانے آرٹسٹوں کی مالی امداد کے چیک ایشو کر دیئے‘ رانا محمد ارشد ،

آرٹسٹوں کے ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ … نئے آرٹسٹوں کو بھی مالی امداد دی جا رہی ہے ‘ پارلیمانی سیکرٹری کلچر

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) وزیر اعلی کی ہدایت پر کلچر کو بنیادی سطح پر پروموٹ کرنے کے لئے ہر حکمت عملی اپنا ئی جا رہی ہے، آرٹسٹ ہمارا قیمتی سرمایہ اور سفیر ہیں جو اپنے فن کے ذریعے معاشرے کی نیکی بدی کو اپنی فنکاری سے لوگوں کو آگاہی دے رہے ہیں ،حکومت پنجاب نے فوری طور پر 143 نئے و پرانے آرٹسٹوں کو ان کے مالی اخراجات کے لئے چیک جاری کر دئیے ہیں،ان تمام آرٹسٹوں کو مالی امداد کی رقوم ان کے 2 کروڑ 50 لاکھ کے فنڈز سے جاری کی گئی ہیں ۔

اس امر کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے آج اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ رانا محمد ارشد نے کہا کہ فنکاروں کو ان کے 6 ماہ کے واجبات یکمشت دئیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مستقبل میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہونے پائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 117 پرانے کیسز اور 26 نئے کیسز سے فنکاروں کو یہ رقوم کی ادائیگی کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ببو برال اور غیور اختر کی بیواؤں کو 75 ہزار روپے فی کس مالیت کے چیک دئیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فنکاروں کے ماہانہ مشاہرہ میں بھی اضافہ کرد یا گیا ہے جس کے مطابق استاد قمر زمان کے مشاہرہ کو 15 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار ر وپے ، استاد عبداللطیف خان کے مشاہرہ کو 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ، استاد غلام حسین 20 ہزار سے 25 ہزار روپے ، یعقوب عاطف طرف بلبلا 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار ر وپے بڑھا دئیے گئے ہیں جن کے چیک ایشو کر دئیے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ نئی لسٹ کے مطابق وجاہت عطرے میوزیشن کو 25 ہزار روپے ماہانہ ، غلام مصطفے 20 ہزار روپے ، مسعود اختر 25 ہزار روپے مجاہد حسین 20 ہزار ر وپے ماہانہ اور دیگر کو بھی اسی مناسبت سے مشاہرہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ آرٹسٹ فنڈ 2010 ء میں چیف منسٹر کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے جس بتدریج بڑھا کر 2 کروڑ روپے سے 2.50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ۔