کراچی، بچوں کی مظلومانہ شہادت نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا،

معصوم جانوں کے قتل نے پوری دنیا کو کرب میں مبتلا کر دیا،عبدالرزاق، محمد عظیم کا طلبہ سے خطاب

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق خان نے کہا کہ معصوم جانوں کے قتل نے پوری دنیا کے لوگوں کو کرب کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔معصوم بچوں کا قتل دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ اس طرح کی کاروائیاں کرنے والے اسلام اور اور مسلمان دونوں کے دشمن ہیں۔ بچوں کی مظلومانہ شہادت نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا۔

بچوں کی قربانیوں کا پاس رکھتے ہوئے اب حکومت کوملک اور اس کے عوام کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنیفیہ پبلک اسکول اورنگی ٹاؤن میں طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر ضلع غربی محمد عظیم،نائب قیم خالد زمان شیخ،امیر زون پی ایس94 مناظر الحسن اور محمد امین اللہ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

امیر ضلع عبدالرزاق نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی کو از سر نو تشکیل دیا جائے۔اہل اقتدار کے افسوس اور مذمت کے بیانات کافی نہیں۔ حکومت اور فوج کو جرأت کے ساتھ اپنی بقاء اور سلامتی پر توجہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلیک واٹر کی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ہزاروں قاتل اور دہشت گرد آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں۔حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

معصوم جانوں کے قتل نے پوری دنیا کے لوگوں کو کرب کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے سانحہ پشاور کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں بھارت اور امریکہ کے ملوث ہونے کونظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر قوم حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہے۔ اس طرح کی دہشت گردی کی کاروائیاں اسلام اور انسانیت کے اصولوں کے منافی ہیں۔

متعلقہ عنوان :