ٹیک لیڈیز کلب کی طرف سے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہیدوں کو خراج عقیدت

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) ٹیک لیڈیز کلب نے ٹیک کلب میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی جس میں خواتین اور بچیوں نے شمعیں روشن کیں اور شہیدوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ ٹیک لیڈیز کلب کی صدر مسز صبیحہ جمیل اور جنرل سیکرٹری مسز ناہید شیخ نے اِس بہیمانہ و سفاکانہ سانحہ پر گہرے دُکھ و رنج کا اظہار کیااور دہشت گرد ی کی لعنت سے پاکستان کو پاک کرنے کیلئے حکومت پر تمام تر وسائل بروے کار لانے پر زور دیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیکیورٹی کی صورتِ حال بہتر بنانے کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار اور ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انھوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم آپریشن ضربِ عضب کے مقاصد کے مکمل حصول تک افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم اِس مُلک کی مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں سب ملکر اِس مملکتِ خداداد پاکستان کیلئے پُر عزم ہیں اور اِس پر کوئی آنچ نہ آنے دیں گیں چاہے اِس کیلئے ہمیں کتنی ہی قُربانیاں دینا پڑیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے ہی بنا تھا اور انشا ء اللہ ہمیشہ دُنیا کی نقشے پر قائم و دائم رہے گا اسکے دُشمن نامراد ہی رہیں گے۔ مُلک دُشمن طاقتیں اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہی رہیں گی۔ تمام حاضرینِ محفل نے شُہدا کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔