آل پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملک بھر میں سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ،

دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، پوری قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے ،ڈاکٹر محمد امجد

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی ہدایت پرملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور بلندی درجات کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سوگوارخاندانوں سے یکجہتی اور گہری ہمدردی کااظہار کیاگیا ۔

اے پی ایم ایل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پشاور سکول پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، پوری قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے تاکہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا سکے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی دفتر میں سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سانحہ میں شہید ہونیوالے بچوں ، اساتذہ اور سیکیورٹی سٹاف کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ۔

ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور بلندی درجات کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سوگوارخاندانوں سے یکجہتی اور گہری ہمدردی کااظہار کیاگیا ۔ تقریب میں اے پی ایم ایل کے کارکنوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے واقعہ کی پرزور مذمت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پشاور سکول پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، پوری قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے تاکہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا سکے انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم جس دکھ اور قرب میں مبتلا ہے اس کو بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ، جس طرح ان درندوں نے معصوم کلیوں پر گولیاں برسائیں ایسے کام کوئی بھی انسان نہیں کرسکتا ، سابق صدر جنرل (ر) صدر پرویز مشرف نے اپنے دور میں ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اور آج بھی ان کا موقف وہی ہے کہ ان دہشت گردوں کونیست و نابود کردیا جائے ، ان کے تانے بانے جہاں بھی ملتے ہیں انہیں دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت نے ملک کی خاطر جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہم اس کو سراہتے ہیں اور عسکری قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر سینکڑوں معصوموں کو بچا لیا ۔

انہوں نے کہاکہ اے پی ایم ایل کے قائد پرویز مشرف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سب حکومت کی کمزوری ہے، ملک میں قانون پر عملدرآمد کرنے والے ڈررہے ہیں اس وقت فوجی عدالتیں بنانے کی ضرورت ہے جو دہشت گردوں کو سزائیں دے۔ بھارت افغانستان سے کی جانے والی کارروائیوں میں ملوث ہے اور وہ پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کو پروان چڑھا رہا ہے، بھارت ہمارے ملک میں دہشت گردوں کو تربیت کرکے بھیج رہا ہے ۔

ہماری اندرونی کمزوری کا فائدہ اٹھایا جارہا ہے ہم بھی افغانستان اور بھارت کی صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اسی لیے دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی بند ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر امجد نے کہاکہ دشمن اور دوسرے ممالک کو پتا ہونا چاہئے کہ ہم بھی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کوئی لاچار یا بے چارہ ملک نہیں، اس لیے ہمیں اکسایا نہ جائے کہ اپنے بچاوٴ کے لیے کوئی ایسی کارروائی کریں جو بھارت اور افغانستان سمیت پورے خطے کے لئے نقصان دہ ہو۔