آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت اجلاس، نیا پٹرولنگ و سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا،

وفاقی دارلحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنانے ،بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو تحفظ اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں کو کنٹرول کیاجائیگا،طاہرعالم خان

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنانے ،بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو تحفظ اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اسلام آباد آپریشنل اور ٹریفک پولیس پر مشتمل نیا پٹرولنگ و سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طاہر عالم خان کی زیر صدارت گزشتہ روز پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سکیورٹی صورتحال کو مزید موثر بنانے ،بیرون ملک سے آنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنے اور سنگین نوعیت کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک نیا پٹرولنگ و سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت اسلا م آباد آپریشنل و ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین مشترکہ گشت کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس پلان کے تحت اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کو 11 بیٹس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان پر اسلام آباد آپریشنل اور ٹریفک پولیس کی 13 گاڑیاں پٹرولنگ کریں گی ۔بیٹ نمبر 1 میں ٹی کراس سے کورال چوک،بیٹ نمبر 2 میں کورال چوک سے فیض آباد چوک،بیٹ نمبر 3 فیض آباد سے کورال جانے والی سٹرک،بیٹ نمبر 4 کھنہ سے نیلور ،بیٹ نمبر 5 فیض آباد سے کوڑیانوالہ چوک مری روڈ ،بیٹ نمبر 6 کوڑیانوالہ چوک سے اسلام آباد حدود مری کی طرف ،بیٹ نمبر 7 شاہین چوک سے نسوار چوک،بیٹ نمبر 8 اسلام آباد چوک سے پشاور موڑ،بیٹ نمبر 9 آئی جے پرنسپل روڈ سے فیض آباد سی ڈی اے ناکہ،بیٹ نمبر 10 سی ڈی اے ناکہ سے میرا آبادی،بیٹ نمبر 11 جی ٹی روڈ سنگجانی سے حاجی کیمپ شامل ہیں ۔

آئی جی اسلام آباد نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام زونل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے علاقوں میں گشت پر مامور گاڑیوں کو چیک کریں گے اور ان کو سکیورٹی صورتحال کے مطابق بریف کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامورافسران و ملازمین شہریوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کا اولین فرض ہے اور اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔