دہشت گردی کے خلاف عوام کی دو رائے نہیں اور آج پوری قوم اس کے خلاف ہے، گورنر سندھ،

فوج ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے اس کی مدد کرنی چاہئے۔ تمام سیاسی قوتیں ایک پیج پر جمع ہوجائیں،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 18 دسمبر 2014 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف عوام کی دورائے نہیں اور اس کے خاتمے کے لیے سزائے موت پر عملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ فوج ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے اس کی مدد کرنی چاہئے۔ تمام سیاسی قوتیں ایک پیج پر جمع ہوجائیں ، تمام مکاتب فکر کے علما کرام فوج کے ہاتھ مضبوط کریں۔

کراچی میں گورنر ہاؤس سے متصل پولو گرانڈ میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کی غائبانہ نمازجنازہ اداکی گئی اوریاد میں شمعیں روشن کی گئیں جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت سیاسی رہنما اور تاجر برادری بھی شریک ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاکہ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، پاکستانی ایک بہادر قوم ہے اور اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عوام کی کوئی دو رائے نہیں آج پوری قوم اس کے خلاف ہے جب کہ سانحہ پشاور نے قوم کو متحد کردیا ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ تمام سیاسی قوتیں ایک پیج پر جمع ہوجائیں۔ تمام مکاتب فکر کے علما کرام فوج کے ہاتھ مضبوط کریں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پھانسی کے تمام قیدیوں کی سزاں پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

قرآن پاک میں ایسے لوگوں کے لئے سزا موجود ہے۔ فوج ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے اس کی مدد کرنی چاہئے۔ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردی کے واقعے سے قوم کے حوصلے پست نہیں بلکہ بلند ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں 132 بچوں سمیت 141 افراد شہید ہوئے تھے جن کی یاد میں ملک بھر سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے شمعیں روشن کی جارہی ہیں اور اس اندوہناک سانحہ کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :