ملک بچانے اور قوم کے تحفظ کے لئے حکومت اور فوج سے ہرممکنہ تعاون کرنے کے لئے تیارہیں،مولاناعلی شیر جتوئی

جمعرات 18 دسمبر 2014 22:34

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) جمعیت علماء پاکستان لاڑکانہ کے صدرمولاناعلی شیر جتوئی،حافظ واحدبخش بھٹو ، مولانا محمد اسلم لانگاہ، مولانا عابد حسین چنہ ودیگر نے پشاور کے افسوسناک واقعے کے خلاف لاڑکانہ میں کئے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ واقعہ پشاور قومی سانحہ ہے ، حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کوکھلی چھوٹ دی گئی جس کے باعث پشاور آرمی اسکول میں دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا، اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے حکومت دہشتگردوں کے خلاف گھیراتنگ کرے اور فوری طورپر گرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اول روز سے کہتے آئے ہیں کہ دہشتگردی میں ایک مخصوص ذہن رکھنے والا طبقہ ملوث ہے جو ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں بظاہر دہشتگردی کو مسترد کرتاہے اور قانونی اداروں اور میڈیاکو اچھی طرح علم ہونے کے باوجود ان کے بھیانک اور مکروہ چہروں کو قوم کے سامنے بے نقاب نہیں کیاجاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آخریہ سلسلہ کب تک چلتارہے گا، حکومت اور فوج ان عناصر کے خلاف بھرپورکارروائی کیوں نہیں کرتے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سیکورٹی ادارے اپنی کارکردگی بہتربنائیں۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کے قیام کے لئے پرامن اور سلجھے ہوئے طبقے کے لوگوں کو اعتماد میں لیاجائے اور دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے بھرپورایکشن لیاجائے ہم ملک بچانے اور قوم کے تحفظ کے لئے حکومت اور فوج سے ہرممکنہ تعاون کرنے کے لئے تیارہیں۔

متعلقہ عنوان :