Live Updates

ملک کے موجودہ حالات سے سبق سیکھتے ہوئے سیاسی استحکام کی بے حد ضرورت تھی، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کوحل کرنے کے لیے اپنا کرداراداکریں اورملک میں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوکر افواج پاکستان کا ساتھ دیں،میاں زاہد حسین،راشد احمد صدیقی

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:57

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کے سرپرست اعلی اور چیف ایگزیکٹو ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین اور کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے مفاہمتی پالیسی اپناتے ہوئے دھرنے ختم کرنے کے اعلان کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات سے سبق سیکھتے ہوئے سیاسی استحکام کی بے حد ضرورت تھی، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کوحل کرنے کے لیے اپنا کرداراداکریں اورملک میں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوکر افواج پاکستان کا ساتھ دیں تاکہ دہشت گرد عناصر کاخاتمہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیرنے کہا کہ پاکستان کو اسوقت شدید چیلنجوں کا سامنا ہے ،بڑہتی ہوئی غربت،بے روزگاری، دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے مسائل کا واحد حل سیاسی استحکام ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کے باعث مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں میں بے چینی کی فضاء قائم ہوچکی تھی جس کا ملک دشمن عناصر بھرپورفائدہ اٹھارہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گرد ممالک قراردلانے کے لیے ملک دشمن عناصر نے بھرپورکاروائیاں کرتے ہوئے معصوم بچوں کو بھی شہید کردیا اور دنیاکو یہ پیغام دینے کی ناکام کوشش کی ہے کہ پاکستان غیر محفوظ ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک کے خریدار وں کویہ باورکرانے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے سے پور پاکستان بند ہے جسکے باعث بیرونی خریدار پاکستان آنے سے گریز کررہے تھے اور اپنے درآمدی آڈرز دیگرممالک کودے رہے تھے ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملکی وقومی مفادمیں بہترین فیصلہ کیا ہے اور اب امید کی کرن پیدا ہوچکی ہے کہ پاکستان میں ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹیں دورہوجائینگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی بصیرت کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مضبوط اوردرہشت گردی سے پاک ملک قراردلانے کے لیے اپنا کرداراداکریں تاکہ ملک کے روشن مستقبل کی راہ ہموارہوسکے اور ملک میں سرمایہ کاری وصنعتکاری کے ذریعے نوجوانوں کو روزگارکی سہولیات فراہم کی جاسکے ۔کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے موجودہ حالات کومدنظررکھتے ہوئے بہترین اقدام اٹھایا گیا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے اورہڑتالوں کے خاتمے کے اعلان سے دنیا بھر کی عوام کو یہ باورکرادیا گیا ہے کہ سیاسی قائدین مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں اور اب پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن عناصر کا مل کرمقابلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دھرنوں اور سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوتے رہے ہیں اب سیاسی استحکام رونما ہوگیا اور افواج پاکستان کے ساتھ ملکر پوری قوم دہشت گردوں کاخاتمہ کرنے کے لیے یکجا ہوجائیگی جوکہ ملک وقوم کی ترقی کاباعث بنے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات