سوات،قومی امن جرگہ نیک پی خیل کی پشاور میں دہشتگردانہ واقعے کی شدید مذمت ، انسانیت سوز عمل قرار،

وقت آ گیا ہے پوری قوم ان دہشت گردوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے ، جرگہ مشران کی دہشت گردی کیخلاف متحد ہونے کی اپیل

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:51

سوات( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) قومی امن جرگہ نیک پی خیل نے پشاور میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُسے انسانیت سوز عمل قرار دیا ہے جرگہ مشران نے دہشت گردی کیخلاف متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم ان دہشت گردوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے ، سوات پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیک پی خیل امن جرگہ کے عہدیداروں فیروزشاہ خان ایڈووکیٹ،خلیل خان ،ابراہیم دیولئی اوردیگر نے کہاکہ سانحہ پشاورپر جتنابھی افسوس کیاجائے کم ہے ،ظالم دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو بھی نہیں چھوڑااوران کلیوں کو بن کھلے مسل ڈالا،انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاورکی وجہ س ے عالمی سطح پر ہماری بدنامی ہوئی ،انہوں نے کہاکہ ہماراجرگہ شروع ہی سے کہتاچلاآرہاہے کہ دہشتگردمسلمان توکیا انسان بھی نہیں ہیں اورامن کے یہ دشمن لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیل کرامن کو تباہ کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی قائدین سمیت پوری قوم ملک کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف متحدہوکرانہیں شکست سے دوچار کریں اوردہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کا بھرپورندازمیں ساتھ دیں،انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی ہم خاموش رہیں توآئندہ نسلیں ہمیں کھبی بھی معاف نہیں کریں گی ،نئی نسل کو پرامن ملک اورآزادفضاء دینا ہماری سب سے اہم ذمہ داری ہے جسے پورا
کرنے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہئے،انہوں نے کہاکہ سوات کا ہرفردہشتگردی سے متاثر ہے مگرپھربھی وہ قیام امن کیلئے مسلسل جدوجہدکررہے ہیں ،سیاسی قائدین سیاست اورعوام ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاکر اس مٹی کا حق اداکریں ،شرکاء نے کہاکہ ہم سانحہ پشاور میں شہیدہونے والے بچوں کے والدین اوران کے لواحقین کے ساتھ اس بڑے غم میں برابرکے شریک ہیں کیونکہ یہ غم اوردکھ ہم سب کا مشترک ہے ،انہوں نے کہاکہ قیام امن کی خاطرمزید قربانیاں بھی دیں گے مگر اس مٹی اورسرزمین پر مزید دہشتگردی نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :