سانحہ پشاور کی وجہ سے مسلم لیگ (ق) کے چونیاں میں ہونے والے جلسے کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے،

پاکستان مسلم لیگ کی جڑیں عوام میں ہیں اور اب بھی کسانوں، مزدوروں، محنت کشوں، تاجروں ، طلبہ اور ملازمین سے تعلق رکھنے والوں کی مقبول جماعت ہے، سردار طالب نکئی اور سردار آصف نکئی کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کی وجہ سے مسلم لیگ (ق) کے چونیاں میں ہونے والے جلسے کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے، اب یہ جلسہ 30دسمبر کو ہو گا، یہ بات سردار طالب نکئی اور سردار آصف نکئی نے گزشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس میں بتائی، اس موقعہ پر ڈاکٹر عظیم الدین، زاہد لکھوی، سردار وقاص حسن موکل، خالد ممتاز اور شاہد قیوم بھی موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ کے قائدین چوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے چونیاں میں جلسہ عام کا اعلان کیا تھا اس سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے سربراہ مونس الٰہی نے ضلع قصور کے دورے کے بعد باہمی مشاورت سے جلسہ کے لئے چونیاں سٹیڈیم کا انتخابات کیا جلسے کے تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل ہیں اور بہاولپور کی طرح یہ بھی ایک تاریخی جلسہ ہو گا جس سے ثابت ہو جائے گا کہ پاکستان مسلم لیگ کی جڑیں عوام میں ہیں اور اب بھی کسانوں، مزدوروں، محنت کشوں، تاجروں ، طلبہ اور ملازمین سے تعلق رکھنے والوں کی مقبول جماعت ہے اور عوام کو وہ خدمات اور تاریخی اقدامات نہ صرف یاد ہیں بلکہ روزانہ ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اس تاریخی جلسہ کیلئے ہر لحاظ سے بھرپور تیاری مکمل کررکھی ہے لیکن پشاور میں آرمی پبلک سکول کا سانحہ ہو گیا، شہداء کے ورثاء اور پسماندگان سے سب سے پہلے یکجہتی اور تقریب کا اظہار کرنے والوں میں ہمارے قائدین چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سرفہرست تھے، چوہدری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہداء پشاور سے یکجہتی کیلئے چونیاں کا جلسہ ملتوی کردیا جائے اور یہ جلسہ 30 دسمبر منگل کو منعقد کیا جائے، 30دسمبر کو ہونے والے عوامی اجتماعی میں بھی پہلے سے زیادہ جذبے اور شوق سے بھرپور شرکت کریں گے اور اسے ایک تاریخی حیثیت دیں گے اور ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں گے