وزیراعلیٰ پنجاب سے سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران کی ملاقات،

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے،جیت کے سوا کوئی آپشن نہیں:شہبازشریف، باہمی اتفاق اوراتحادسے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا خاتمہ کریں گے

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران نے ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ ملک کی تیزرفتار ترقی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔باہمی اتفاق اوراتحادسے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا خاتمہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ۔معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک درندے دھرتی کا بوجھ ہیں۔وحشی درندوں کو ایسی عبرتناک سزاملے گی کہ رہتی دنیا یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں سیدایاز علی شیرازی ایم این اے،سید اعجاز علی شاہ شیرازی ایم پی اے ،سید شفقت حسین شاہ شیرازی سابق ایم این اے اور پاکستان مسلم لیگ(ن)ٹھٹھہ کے سینئرنائب صدر حاجی محمد حنیف میمن شامل تھے ۔